لالو کے مقربین کے ٹھکانوں پر ای ڈی کا چھاپہ

   

نئی دہلی : انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کے روز دہلی-این سی آر میں راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد کے خاندان کے مبینہ قریبی ساتھی امیت کٹیال کے ذریعہ پروموٹ کی گئی ایک رئیلٹی اور شراب کمپنی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں مختلف مقامات پر چھاپہ مارا۔کٹیال کو گزشتہ سال ای ڈی نے مبینہ نوکری کے بدلے ریلوے زمین گھوٹالہ میں گرفتار کیا تھا۔ پرساد، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی، بیٹا اور سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو، بیٹی اور رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی اور کچھ دوسرے مبینہ طور پر اس گھوٹالے میں ملوث ہیں۔منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت دہلی، گروگرام اور سونی پت میں کرشنا بلڈٹیک پرائیویٹ لمیٹڈکے کل 27 احاطوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اس کمپنی کے پروموٹر امیت کٹیال اور راجیش کٹیال ہیں۔ یہ کمپنی ہریانہ سے کام کرتی ہے۔ای ڈی کی تحقیقات کمپنی کے پروموٹرز کے ذریعہ گھر خریداروں کے 400 کروڑ روپے کے فنڈز کے مبینہ طور پر غلط استعمال اور انہیں بیرون ملک خرچ کرنے سے متعلق ہے۔