لاک ڈاؤن میں تھیٹر پر 100 لیکچرزکرانے کا ریکارڈ

   

نئی دہلی ۔7 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں مدھیہ پردیش کی ایک خاتون تھیٹر فنکار نے تھیٹر اور لوک فنون پرمبنی 100 لیکچرز کا انعقاد کرکے ایک انوکھی مثال پیش کی ہے ۔گوالیار کی تھیئٹر فنکار گیانتجلی گیت نے فیس بک پر’میرا منچ‘ کے نام سے ملک کے نامور تھیٹر شخصیات اور فنکاروں کے ڈیجیٹل طریقے پروگرام منعقد کرکے تھیٹر کی دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا اورتھیٹرکے مختلف پہلوؤں پر سنجیدہ اور گمبھیر گفتگو کا آغاز کیاہے ۔ خیال رہے اس سے قبل کسی نے بھی ذاتی کوششوں سے ڈیجیٹل کے ذریعہ 100 لیکچرزمنعقد نہیں کئے تھے ۔گیتانجلی گیت نے ’یواین آئی ‘کو بتایا کہ انہوں نے سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ سے سرفراز بنسی کال ، رنجیت کپور، آلوک چٹرجی ، سنجے اپادھیائے ، ستیش آنند ، مشتاق کاک ، وبھا رانی ، ونئے کمار ، روی تنیجا ، اشوک بھومک ، اشوک مشرا اور اوم پاریک جیسے جانے مانے فنکاروں اور اداکاروں سے مشہور ڈرامہ ساز جگدیش چندر ماتھر ، گیریش کرناڈ اور بادل سرکار کی خدمات پر تبادلہ خیال کے لئے مختلف نامور مصوروں اور اداکاروں سے اطفال تھیٹر ، لوک منچ ، اداکاری ، اسکرپٹ رائٹنگ ، لائٹ اینڈ ساؤنڈ ، اسٹیج تزئین کاری جیسے وسیع موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ تھیٹر کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب اتنے فنکاروں نے دو مہینوں میں ڈیجیٹل میڈیم کے ذریعہ روزانہ یہ لیکچردیئے ۔