لاک ڈاؤن میں غیر منظم شعبہ بدحال، مالی مددکیلئے سونیا گاندھی کی اپیل

,

   

وزیراعظم مودی کو صدر کانگریس کا مکتوب، لیبر ویلفیر بورڈ کے فنڈس کا بھرپور استعمال کرنے پر زور، کانگریس چیف منسٹروں کو بھی علحدہ خط

نئی دہلی ، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرکانگریس سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے غیر منظم شعبے کے کارکنان ذریعہ معاش کے بحران کا شکار ہیں ، لہذا ان کو مالی مدد فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا جیسی عدیم النظیر وباء کے پیش نظر ، لیبر ویلفیر بورڈ سسٹم کے تحت انہیں مالی مدد فراہم کرے ۔ سونیا گاندھی نے پیر کو مودی کو یہ خط لکھا ، جسے پارٹی نے منگل کو یہاں جاری کیا۔اس خط میں انہوں نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے منفی حالات سے نمٹنے والے غیر منظم شعبے کے بے روزگار کارکنوں کو اجرت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔کانگریس کی صدر نے اس حقیقت پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے 1996 میں بنائے گئے ایکٹ کے تحت تشکیل دیئے گئے لیبر ویلفیئر بورڈ نے مارچ 2019 تک 49688 کروڑ روپے سے زیادہ جمع کیا لیکن لیبر ویلفیئر ورکس پر صرف 19380 کروڑ روپئے خرچ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خوف کی وجہ سے ، پچھلے دنوں میں مزدوروں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھروں اور گاؤں کے لئے روانہ ہوگئی ہے اور انہیں معاش کے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑرہاہے ، جس کے پیش نظر ان کو ریلیف دینا ضروری ہے ۔سونیا گاندھی نے کانگریس حکمرانی والی ریاستوں کے چیف منسٹروں کو علحدہ مکتوب لکھا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹروں سے اپیل کی کہ تعمیراتی مزدوروں کو اجرت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں جس کو بعد میں حساب میں جوڑا جاسکتا ہے۔ موجودہ طور پر وہ لاک ڈاؤن کی تحدیدات کے سبب کام سے محروم ہے۔ صدر کانگریس نے کہا کہ ملک بدترین عالمی وباء سے دوچار ہے اور اس کے نتیجہ میں وبائی مرض پر قابو پانے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔ صدر کانگریس نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں لاکھوں تارک وطن ورکرس ہندوستان بھرمیں بڑے شہروں میں منتقل ہوئے ہیں، اب انہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے آبائی قصبات اور دیہات کو واپس ہونا پڑ رہا ہے۔ اس صورت میں وہ شدید مالی پریشانی سے دوچار ہوگئے ہیں، اس لئے حکومتوں کا کام ہے کہ ان کی مدد کی جائے۔ ہندوستان نے کنسٹرکشن کا شعبہ دوسرا سب سے بڑا آجر شعبہ ہے جو زائد از 44 ملین ورکرس کو مزدوری فراہم کرتا ہے ۔ اس لئے موجودہ حالات میں اس شعبہ کی مالی اعانت سے منہ پھیرنا بدترین نتائج کا موجب ہوگا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ دنیا بھر میں کئی ممالک بالخصوص کینیڈا نے کوڈ۔ 19 معاشی امدادی منصوبہ کے تحت مختلف اعانتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے وزیراعظم کے علاوہ کانگریس چیف منسٹروں کو مکتوب لکھا جن میں راجستھان کے اشوک گہلوٹ ، پنجاب کے امریندر سنگھ ، چھتیس گڑھ کے بھوپیش بگھیل اور پڈوچیری کے وی نارائنہ سوامی شامل ہیں۔