وی ہنمنت راؤ کا انتباہ، حیدرآباد میں کورونا کی صورتحال باعث تشویش
حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی حقیقی تعداد چھپانے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کی تعداد انتہائی کم ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں آبادی کے اعتبار سے کورونا ٹسٹ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زائد کیسیس کو چھپانے کے لئے تلنگانہ حکومت ٹسٹ کرنے سے گریز کر رہی ہے ۔ انہوں نے مرکز اور ریاست پر لاک ڈاؤن پر عمل آوری میں ناکامی کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کی صورت میں صورتحال سنگین نوعیت اختیار کرلے گی۔ لہذا حکومت کو مزید رعایت دینے سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ پر ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا اور میتوں کے ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ عدلیہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ میتوں کا ٹسٹ کرنے سے کورونا کے حقیقی مریضوں کا پتہ چلے گا۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ عدالت کے احکامات پر فوری عمل آوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کورونا کیسیس میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ اب تک ریاست میں 57 اموات واقع ہوئیں جن میں 37 کا تعلق حیدرآباد سے ہے ۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں لاک ڈاون میں مزید رعایتوں کی مخالفت کی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں 20 لاکھ کروڑ کے پیاکیج کا اعلان کیا ہے لیکن غریبوں کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ راہول گاندھی ملک بھر میں غریبوں ، مائیگرنٹ ورکرس اور چھوٹے کاروباریوں کو 10 ہزار روپئے کی امداد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دو ماہ سے زائد لاک ڈاون میں عوام کی معاشی حالت ابتر کردی ہے۔ ہنمنت راؤ نے تلنگانہ میں برقی و آبرسانی کے بلز معاف کرنے کا مطالبہ کیا۔