سابق کی بہ نسبت سال رواں ماحولیات میں تیزی سے بہتری ۔ کئی وجوہات شامل
حیدرآباد ۔تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے اندرون ایک ہفتہ کئی اضلاع بالخصوص شہری اضلاع میں آلودگی میں قابل لحاظ کمی آنے لگی ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ گذشتہ لاک ڈاؤن میں جس رفتار سے آب و ہوا میں بہتری آئی تھی اس مرتبہ اس سے تیز رفتار سے آلودگی میں کمی ہونے لگی ہے۔ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے بعد ماحولیاتی اور فضائی آلودگی کا جائزہ لینے پر انکشاف ہوا ہے کہ کئی اضلاع میں آلودگی میں کمی ہوئی ہے اور ا س کی کئی وجوہات ہیں ۔ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں بھی شامل ہے۔ دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع بالخصوص نظام آباد‘ رنگاریڈی ‘ میڑچل ‘ سدی پیٹ ‘ ورنگل ‘ کھمم اور دیگر میں تلنگانہ پولیوشن کنٹرول بورڈ سے آلودگی کا جائزہ لیا گیا اور کہا جا رہاہے کہ اندرون 5یوم جو آلودگی میں کمی آئی ہے ۔ ماہرین نے بتایا کہ تلنگانہ میں آلودگی میں کمی کی وجوہات میں ٹریفک کے خاتمہ کے علاوہ کارخانوں اور صنعتی اداروں کا بند ہونا ہے۔ پولیوشن کنٹرول بورڈ عہدیداروں نے بتایا کہ فضائی اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے کئی فائدے ہیں اور ان سے انسانی زندگیوں کو بھی فائدے پہنچائے جاسکتے ہیں۔ تلنگانہ میں ماحولیاتی و فضائی آلودگی میں گراوٹ پر حکام نے بتایا کہ جن اضلاع میں آلودگی میں کمی آئی ہے ان میں پیمائش کی جا رہی ہے اور اندازہ لگایا جا رہاہے کہ عام حالات میں ماحولیاتی اور فضائی آلودگی میں کمی لانے کے کس حد تک اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ دیگر شہری علاقوں میں دو دن کے لاک ڈاؤن اور 5یوم کے لاک ڈاؤن کے دوران آلودگی میں تبدیلی کا جائزہ لیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ اگر یہ تبدیلی رونما ہوتی ہے تو اس کا کس حد تک فائدہ ہوگا اور آلودگی کے خاتمہ یا اس میں کمی کیلئے ادارۂ جاتی سطح پر کیا اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے سبب آلودگی میں کمی کی مکمل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے تاکہ مرکز اور عالمی اداروں کو روانہ کی جاسکے۔