لداخ تنازعہ ، راجناتھ سنگھ کا سی ڈی ایس اور فوجی سربراہوں کیساتھ اجلاس

,

   

ہند ۔ چین فوجی کمانڈرس کی بات چیت کے نتائج اور سکیوریٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

نئی دہلی 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج چیف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور فوج کے تینوں سربراہوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں چین کے ساتھ حقیقی خط قبضہ پر جاری تنازعہ اور لداخ میں سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہندوستان اور چین کے فوجی کمانڈرس کے درمیان اِس مسئلہ پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس کے نتائج کا بھی راجناتھ سنگھ نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ یہ اعلیٰ سطحی اجلاس ہند ۔ چین فوجی کمانڈرس کی بات چیت کے دو دن بعد منعقد ہوا ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے لداخ میں جاری طویل سرحدی تنازعہ کو حل کرنے کے لئے مختلف زاویوں سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے آج کے اجلاس میں فوجی کمانڈروں کے درمیان ہوئی بات چیت کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایک منصوبہ تیار کیا جارہا ہے کیوں کہ کئی ایسے مسائل ہیں جو دونوں ممالک کے لئے مسلسل تشویش کا باعث ہے۔ یہ اجلاس تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سفارتی سطحوں پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سرحدی تنازعہ کا پرامن اور دوستانہ ماحول میں حل تلاش کیا جاسکے۔ ہندوستان سرحد پر اپریل کے اواخر کی صورتحال کو جوں کا توں بحال کرنا چاہتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سرحد پر مڈبھیڑ کو ختم کرنے کے لئے کئی اقدامات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور اُن پر بات چیت کی گئی لیکن تاحال کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے کیوں کہ اہم مسائل پر اختلافات برقرار ہیں۔ وزارت خارجی اُمور نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں بتایا کہ سرحدی علاقوں میں امن اور سکون کی برقراری کو یقینی بنانے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سفارتی مذاکرات کا عمل جاری رہے گا۔ فوجی کمانڈروں کے اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ہریندر سنگھ نے کی جن کا یونٹ راست طور پر ایل اے سی پر تعینات ہے۔