لوک سبھا انتخابات: خلیجی ممالک سے کیرالا کیلئے خصوصی ’ووٹ فلائٹس‘

,

   

اب تک 30,000 شہریوں کی آمد، ملا پورم میں جدہ کے ایم سی سی یونٹ کی ریالی، بی جے پی کو ہرانے کا عزم

ملا پورم: لوک سبھا انتخابات 2024 کتنے زیادہ اہم ہیں اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ خلیجی ممالک میں برسرکار کیرالا کے ہزاروں شہری قلیل مدتی رخصت پر صرف ووٹ ڈالنے کے مقصد سے اپنی آبائی ریاست پہنچ رہے ہیں جس کیلئے انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل ) کی سمندر پار کلچرل ونگ کیرالا مسلم کلچرل کمیٹیز سے (کے ایم سی سی) سے جتنا بھی اظہار تشکر کیا جائے وہ کم ہے کیونکہ اسی نے صرف رائے دہی کے مقصد سے کئی چارٹرڈ فلائٹس کا اہتمام کیا ۔ سعودی عرب اور دیگر ممالک سے زائد از ایک درجن ووٹ فلائٹس کا اہتمام کیا گیا جس کے تحت کئی ملازمین ایسے ہیں جنہیں عیدالفطر کے ساتھ ساتھ رائے دہی کیلئے بھی وسیع تر تعطیلات کا لطف حاصل ہورہا ہے لیکن جن کو عیدالفطر کے ساتھ توسیع شدہ رخصتیں نہیں مل سکی ہیں وہ مختصر مدت کیلئے جمعرات کے روز یہاں پہنچ رہے ہیں ۔ اسی دوران کے ایم سی سی قائدین نے بتایا کہ زائد از 30,000 ووٹرس کیرالا پہنچ چکے ہیں۔ رائے دہی سے زیادہ اس بات کی اہمیت ہے کہ ان کا اتنی دور سے محض رائے دہی کیلئے آنا دیگر ووٹرس کو بھی متاثر کرے گا اور انہیں بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی ترغیب ملے گی ۔ اس مرتبہ خلیجی ممالک میں فعال متعدد کے ایم سی سی یونٹس انتخابی مہمات میں حصہ لے رہے ہیں۔ کے ایم سی سی کے جدہ یونٹ کے صدر ابوبکر نے بتایا کہ ہم خلیجی ممالک میں رہتے ہیں اور ہمیں ہندوستان میں رہنے والے اپنے بھائی بہنوں سے زیادہ تجربہ ہے کہ بیرون ممالک میں ہندوستان اور ہندوستانی شہریوں کا کس طرح مضحکہ اڑایا جاتا ہے ۔ ایک زمانہ تھا کہ عرب باشندے ہندوستان اور ہندوستانیوں کا احترام کرتے تھے لیکن موجودہ نریندر مودی حکومت کی وجہ سے اب ہم ہندوستانیوں کی کوئی وقعت نہیں رہی کیونکہ مودی حکومت کی پالیسیاں مسلم مخالف ہیں ۔ ابوبکر نے کہا کہ قبل ازیں بھی ہم نے رائے دہی میں حصہ لیا تھا لیکن اب کی بار ہم لوگ انتخابی مہمات میں بھی حصہ لے رہے ہیں اور ہمارا نعرہ ہے کہ ہندوستان کی جیت ہونی چاہئے اور جمہوریت کو بچانا چاہئے ۔ یاد رہے کہ کے ایم سی سی یونٹ جدہ کے 25000 ارکان ہیں ۔ اگر ریا ض اور دمام سے بھی لوگ شامل ہوجائیں تو یہ تعداد بہت زیادہ ہوجائے گی ۔ ابوبکر کے مطابق ہم گزشتہ دو ماہ سے انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ اتوار کے روز قائدین کی ایک بڑی ریالی کا ملا پورم میں انعقاد کیا گیا تھا جبکہ وائناڈ میں روڈ شوز کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔