لوک سبھا انتخابات کا شیڈیول آج جاری ہوگا: الیکشن کمیشن

,

   

نئی دہلی: الیکشن کمیشن ہفتہ کے روز 18ویں لوک سبھا اور چار ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے شیڈیول کا اعلان کرے گا اور اسی روز سے ملک میں مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہو جائے گا۔ اس کے لیے الیکشن کمیشن نے کل سہ پہر 3 بجے وگیان بھون میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا ہے ۔ میڈیا کو بھیجے گئے دعوت نامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابی پروگراموں کا اعلان کرنے کے لیے اس پریس کانفرنس کا انعقاد کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی آندھرا پردیش، اڈیشہ، سکم اور اروناچل پردیش کی قانون ساز اسمبلیوں کے انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔ انتخابی شیڈیول کے اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہو جائے گا۔ حکومت نے گزشتہ روز ہی الیکشن کمیشن میں کمشنر کی دو خالی عہدوں پر تقرری کی ہے ۔ وزارت قانون وانصاف نے جمعرات کی شام مسٹر گیانش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو کو الیکشن کمشنر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ان الیکشن کمشنروں کی تقرری کو منظوری دی تھی۔ دونوں کمشنروں نے فوری طور پر چارج سنبھال لیا اور دو دن بعد الیکشن شیڈیول کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔