لوک سبھا انتخابات کی تیاری کیلئے بی آر ایس کے اجلاسوں کا 3 جنوری سے آغاز ہوگا

   

حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اپوزیشن جماعت بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی جانب سے آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے تیاری کرنے کے اقدامات پر توجہ دی جارہی ہے چنانچہ بی آر ایس کی جانب سے 3 جنوری سے سلسلہ وار لوک سبھا حلقہ واری تیاری اجلاسوں کا آغاز کیا جائے گا۔ بی آر ایس صدر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پر پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راماراؤ، سکریٹری جنرل کے کیشوراؤ، سابق اسپیکر مدھوسدن چاری، سابق وزراء ٹی ہریش راؤ، کڈیم سری ہری، پی سرینواس ریڈی، جگدیش ریڈی، نرنجن ریڈی اور دوسرے اہم قائدین تلنگانہ بھون میں ہونے والے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس دو مرحلوں میں منعقد کئے جائیں گے۔ پہلا مرحلہ 3 تا 12 جنوری کو ہوگا اور دوسرے مرحلہ کے اجلاس کا آغاز سنکرانتی تہوار کیلئے تین دن کے وقفہ کے بعد 16 جنوری سے ہوگا۔ عادل آباد لوک سبھا حلقہ کیلئے 3 جنوری کو میٹنگ کے ساتھ ان سلسلہ وار اجلاسوں کا آغاز ہوگا۔