لوک سبھا حلقہ حیدرآباد کی بی جے پی امیدوارہ کیخلاف اشتعال انگیز مقدمہ درج

   

حیدرآباد۔/21 اپریل، ( سیاست نیوز) لوک سبھا حلقہ حیدرآباد کی بی جے پی امیدوارہ مادھوی لتا کے خلاف بیگم بازار پولیس نے اشتعال انگیز حرکت کرنے کے الزام میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ فرسٹ لانسرز سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی شخص شیخ عمران نے بیگم بازار پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ بی جے پی کی امیدوارہ نے لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ کے اعلان کے بعد سے ہی مسلم طبقہ کے خلاف اشتعال انگیزی شروع کردی جبکہ 17 اپریل کو سری رام نومی جلوس کے دوران ایک ایسی حرکت کی جس سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ درخواست گذار نے پولیس میں کی گئی شکایت میں بتایا کہ رام نومی کے دن مادھوی لتا نے ناقابل برداشت حرکت کرتے ہوئے مسلمانوں کو تکلیف پہنچائی۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں سوشیل میڈیا میں ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں مادھوی لتا کو تیر کا نشانہ ایک مسجد کی طرف کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ نوجوان کی شکایت پر بیگم بازار پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 295(A) کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ب