لوک سبھا پولنگ کے اوقات میں تبدیلی کی عرضی خارج

   

نئی دہلی 13مئی (سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ نے لوک سبھا انتخابات کی پولنگ کا وقت صبح سات بجے کے بجائے صبح پانچ بجے کرنے کی عرضی پیر کو خارج کردی ۔وکیل محمد نظام پاشا نے رمضان المبارک کے مدنظر سپریم کورٹ میں لوک انتخابات کا پولنگ کا وقت صبح سات بجے کی جگہ صبح پانچ بجے کیے جانے کے لیے عرضی دائر کی تھی ۔پہلے یہ عرضی چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی بنچ کے سامنے پیش کی گئی تھی ۔چیف جسٹس نے عرضی کو انتخابی کمیشن کوبھیجتے ہوئے اس پر مناسب حکم دینے کی ہدایت دی تھی ۔انتخابی کمیشن نے پولنگ کے اوقات میں تبدیلی کی عرضی کو منظو رنہیں کیا۔اس کے بعد عرضی گزار نے پھر سپریم کورٹ میں اپنی عرضی دائر کی ۔جسٹس اندربنرجی اور جسٹس سنجیوکھنہ کی تعطیلی ڈویژن بنچ کا ماننا تھاکہ یہ معاملہ انتخابی کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے۔اس کے بعد بنچ نے پولنگ کے اقات میں تبدیلی کرنے کی عرضی خارج کردی۔ سترہویں لوک سبھا کے لیے کل سات مرحلوں میں پولنگ ہونی ہے۔ابھی تک چھ مراحل کی پولنگ ہوچکی ہے اور ساتویں اور آخری مرحلہ کی پولنگ 19مئی کوہوگی ۔انتخابی نتائج 23مئی کو آئیں گے ۔