پریسیڈنسی گرلز اسکول کی سلور جوبلی تقریب سے ظفر جاوید اور نورانی کا خطاب
حیدرآباد۔ 19 فروری (پریس نوٹ) اعزازی سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی ظفر جاوید نے فروغ تعلیم کو انسانیت کی سب سے بڑی خدمات قرار دیا۔ فلک نما میں پریسیڈنسی گرلز ہائی اسکول کے سلور جوبلی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایس این آر بی سوسائٹی کی فروغ تعلیم کے لئے جاری خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ ایک لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم سے آراستہ کرنے کے مصداق ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کو سخت محنت کرنے اور مستقبل تابناک بنانے کا مشرہ دیا۔ ظفر جاوید نے کہا کہ کامیابی کا راستہ آسان نہیں ہے۔ ہم کو کڑی محنت و مشقت سے کام کرتے ہوئے اسکول کی جانب سے فراہم سہولتوں اور اساتذہ کی خدمات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے تعجب ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جس قوم کی مقدس ترین کتاب میں سب سے پہلے اقرأ نازل ہوا، اس قوم کا تعلیمی میدان میں پیچھے رہنا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صلاحیت ہے تاہم جذبے کا فقدان ہے۔ اولیائے طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ ابھاریں اور بہترین اخلاق کے حامل بنائیں تاکہ وہ ملک و قوم کے لئے اثاثہ ثابت ہوں اور ملت کا نام روشن ہوسکے۔ ظفر جاوید نے کہا کہ اس دور میں اگر آپ کو کامیاب ہونا ہے تو تعلیم عام کریں۔ قبل ازیں صدر ایس این آر پی سوسائٹی غلام احمد نورانی، وی وی مشرا، شیوا ریڈی، محمد عبدالحنان، اروندتی کلکرنی (پرنسپل) نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی رہنمائی کی اور تابناک مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جناب غلام احمد نے والدین کو تلقین کی وہ اپنے بچوں کو ادب، اخلاق اور تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے بعض ریاست میں حجاب پر پابندی کی بھی مذمت کی۔ غلام احمد نے قیوم، پرنسپل اور بچوں کو مبارکباد پیش کی۔ مسرز اروندتی کلکرنی پرنسپل نے کہا کہ اسکول کا آغاز 1997 میں 75 طالب علم اور 6 ٹیچرس کے ساتھ ہوا تھا اور اب اس میں 1100 طالب علم اور 50 سے زائد ٹیچرس ہیں۔