لڑکیوں کو سوشیل میڈیا کے ذریعہ ہراساں کرنے والے نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد۔ ذاتی مخاصمت اور بدلہ لینے سماج میں شہریوں کو بدنام کرنے کیلئے سوشیل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اسکول، کالجس میں دل آزاری کا بدلہ ہو یا پھر دفاتر میں کام کی جگہ مخالفت بدلہ لینے کے لئے انٹرنیٹ کے ذریعہ سوشیل میڈیا کو ہتھیار بنایا جارہا ہے۔ اس طرح کے دو علحدہ واقعات میں رچہ کنڈہ پولیس کے سائبر کرائم ڈپارٹمنٹ نے دو کم عمر لڑکوں کوگرفتار کرلیا۔ دو علحدہ واقعات میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جو بدلہ لینے کیلئے بدنام کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے تھے۔ بہن کی سہیلی سے دوستی اور چھیڑ چھاڑ کے بعد رسوائی کا بدلہ لینے کیلئے ایک کم لڑکے نے کمسن لڑکی کو ہراساں کیا۔ شکایت کے بعد پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے 17 سالہ صلاح الدین کو گرفتار کرلیا جو آنند باغ ملکاجگیری کا ساکن بتایا گیا ہے۔ اس لڑکے کی جان پہچان ایک لڑکی سے ہوئی جب وہ دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھا۔ یہ لڑکی اس کی بہن کی سہیلی تھی۔ دونوں میں دوستی ہوئی۔ ایک دن لڑکی کی والدہ نے اسکول کے پرنسپل سے لڑکے کے اس رویہ کے خلاف شکایت کردی۔ پرنسپل نے لڑکے کو طلب کرنے کے بعد اسے ڈانٹ ڈپٹ کا نشانہ بنایا اور لڑکے کو وارننگ دی۔ اس بات پر لڑکے نے اس لڑکی سے بدلہ لینے کی ٹھان لی اور انسٹا گرام کی نامعلوم آئی ڈی سے لڑکی کو پریشان کرنے لگا اور ناقابل بیان پیامات لڑکی کو روانہ کررہا تھا اور لڑکی سے فحش تصاویر روانہ کرنے کا مطالبہ کررہا تھا بصورت دیگر لڑکی کا فون نمبر عریاں ویب سائٹ پر ڈالنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ پانچ دن سے جاری اس سلسلہ سے تنگ آکر لڑکی کی والدہ نے پولیس میں شکایت کردی۔ سائبر کرائم پولیس نے لڑکے کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ دوسرے واقعہ میں انوراگ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن کے ارکان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والے 22 سالہ ٹامل سلون کو پولیس نے گرفتار کرلیا جو اس ادارہ کے ایک رکن کو ٹیلی گرام کے نام پر ہراساں و پریشان کررہا تھا۔ اس کیس میں شکایت گذار خاتون بتائی گئی ہے ٹامل سلون کی جانب سے بلیک میل کا شکار تھی۔ ٹامل سلون ایم ایس سی سائیکاٹری کا طالب علم ہے۔ ٹکنالوجی کے استعمال کی مہارت رکھتا ہے ۔ اس نے خاتون کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کی اور ان تصاویر کے ذریعہ بلیک میل کرتے ہوئے رقمی مطالبہ کررہا تھا۔ بصورت دیگر اس نے خاتون کو دھمکی دی تھی کہ اگر وہ اس کے مطالبہ کو نہیں مانتی ہے تو وہ اس کی ان تصاویر کو مختلف ٹیلی گرام گروپس بالخصوص فحش سائیٹس پر ڈالنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد ٹامل سلون کو گرفتارکرلیا۔