لڑکیوں کی شادی کی عمر 21 سال کرنے کابینہ کی منظوری

,

   

ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے حکومت کی تیاری، بعض گوشوں سے اعتراض

نئی دہلی : مرکزی کابینہ نے لڑکیوں کی شادی کی عمر موجودہ 18 سال سے بڑھا کر 21 سال کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق چہارشنبہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ لڑکیوں میں تغدیہ کی کمی کے مسئلے کے پیش نظر حکومت اس اسکیم پر کام کر رہی ہے تاکہ ان کی شادی صحیح عمر میں ہوسکے ۔ لڑکیوں کی شادی کی عمر میں اضافہ کرنے کے لیے حکومت کو موجودہ قانون میں ترمیم کرنا ہوگی اور اس کے لیے پارلیمنٹ میں بل لایا جائے گا۔ اس وقت ملک میں مردوں کے لیے بھی شادی کی عمر 21 سال ہے جبکہ لڑکیوںکی شادی کی عمر 18 سال ہے ۔ کابینہ کی اس منظوری کے بعد حکومت انسداد چائیلڈ میریج ایکٹ 2006 ء میں ترمیم کرے گی ۔ اسی طرح اسپیشل میریج ایکٹ اور پرسنل لا جیسے ہندو میریج ایکٹ 1955 ء میں بھی ترمیم کی جائے گی ۔ جیا جیٹلی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کی ٹاسک فورس کی جانب سے ڈسمبر 2020 ء میں نیتی آیوگ کو پیش کردہ سفارشات کی بنیاد پر کابینہ نے اس تجویز کو منظوری دی ۔ جیا جیٹلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ لڑکیوں کی شادی کی عمر میں سفارش کی مقصد آبادی پر کنٹرول ہرگز نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے اہم مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے ۔ سمتاپارٹی کی سابق صدر جیا جیٹلی نے بتایا کہ ٹاسک فورس کی سفارشات ماہرین سے وسیع تر مشاورت کے بعد پیش کی گئی ہیں ۔ اس ضمن میں نوجوانوں خاص طور پر لڑکیوں سے بھی مشاورت کی گئی جن پر اس کا راست اثر ہوتا ہے ۔ اس ضمن میں نوجوانوں سے بات چیت اور ان کی رائے جاننے کیلئے 15 این جی اوز کی خدمات حاصل کی گئیں جبکہ 16 یونیورسٹیز سے فیڈ بیاک حاصل کیا گیا ۔ بعض گوشوں سے اعتراضات بھی کئے گئے لیکن ٹاسک فورس کا یہ احساس ہے کہ اس فیصلہ سے جس گروپ پر راست اثر ہوتا ہے ان کی بات اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔ ٹاسک فورس جون 2020 ء میں وزارت بہبودی خواتین و اطفال کی جانب سے قائم کیا گیا تھا۔

کب اور کس سے شادی کریں ، بچے کب ہوں ، کیا کھائیں یہ سب کچھ بی جے پی طئے نہیں کرسکتی ۔ لڑکیوں کی شادی کی عمر بڑھانے کی تجویز پر خاتون ارکان پارلیمنٹ کا حکومت سے سوال ’’ جب ووٹ دینے کی عمر 18 سال ہے تو شادی کی 21 سال کیوں ‘‘؟