لڑکی سے دست درازی پر ریوینیو انسپکٹر کی پٹائی

   

حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) سرکاری دفاتر سے رجوع ہونے والی خواتین کا تحفظ بھی اب غیر یقینی ہوگیا ہے۔ مشیرآباد میں پیش آئے واقعہ میں نوجوان لڑکی سے مبینہ غیر اخلاقی حرکت کا واقعہ پیش آیا جہاں برہم والدین اور لڑکی کے علاوہ مقامی عوام نے ایک ریوینیو انسپکٹر کی پٹائی کردی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مشیرآباد تحصیلدار کے ریوینیو انسپکٹر وجئے نائیک پر لڑکی سے بدسلوکی کا الزام عائد کرکے لڑکی اور والدین نے پٹائی کردی۔ لڑکی سرٹیفکیٹ کیلئے دفتر سے رجوع ہوئی تھی۔ درخواست لینے کے بعد ریوینیو انسپکٹر نے لڑکی کو اکیلے دفتر آنے کیلئے کہا اور لڑکی سے قابل اعتراض انداز میں بات و غیر اخلاقی حرکتیں کرنے لگا ۔ لڑکی سرٹیفکیٹ کیلئے والدین کے ہمراہ پہنچی اور رینیو انسپکٹر وجئے نائیک لڑکی کو والدین کے ساتھ دیکھ کر برہم ہوگیا اور والدین کی موجودگی میں بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا۔ ریوینیو انسپکٹر کی حرکت پر شدید برہم والدین ریوینیو انسپکٹر پر برس پڑے اور مقامی عوام بھی پہنچ گئی جنہوں نے تحصیلدار کی موجودگی میں وجئے نائیک کی پٹائی کردی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہجوم ہوگیا اور گاندھی نگر پولیس بھی موقع واردات پر پہنچ گئی اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع