لکھنؤ۔ایکسپریس وے :بس میں آتشزدگی، 4 ہلاک

   

مین پوری25 مارچ(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ضلع مین پوری کے کرہل تھانہ علاقے میں آگرہ۔لکھنؤ ایکسپریس ۔وے پر ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد ایک وولو بس میں آگ لگنے سے اس میں سوار چار لوگ جھلس کر ہلا ک ہوگئے ۔مرنے والوں میں خاتون ڈاکٹر اور ان کی 6 سال کی بیٹی شامل ہیں۔اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اوم پرکاش سنگھ نے پیر کو بتایا کہ اتوار کی دیر رات تقریبا ایک بجے دو پرائیویٹ بسیں دہلی سے لکھنؤ کی جانب جارہی تھیں۔ آگرہ۔لکھنؤ ایکسپریس وے پر سنگ میل۔77 پر ایک بس کا ٹائر پھٹنے کے بعد اس کے پیچھے تیز رفتار سے آرہی بس بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ ڈیوائیڈر سے ٹکراتے ہی بس کے انجن میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کے انجن میں آگ لگ گئی اور آگ نے پوری بس کو اپنی زد میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ بس میں بھیانک آگ لگنے سے لکھنؤ واقع ایس جی پی جی آئی میں تعینات ڈاکٹر جیوتی، بیوی ڈاکٹر نشنک، ان کی چھ سال کی بیٹی نیتی، بس کا دوسرا ڈرائیور اسرار احمد(32) باشندہ سیانا بلند شہر اور کنڈکٹر دھننجے موریہ باشندہ پرتاپ گڑھ کی جھلسنے سے موت ہوگئی۔