لکھنؤ ہوائی اڈہ پر اچانک الارم بجنے سے سنسنی

   

لکھنؤ : اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہفتہ کی صبح کینسر کی دوائیوں کی پیکیجنگ کی جانچ کے دوران الارم بجنے سے کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس کا ماحول رہا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق آج صبح ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر کارگو ایریا میں سامان کی باقاعدہ چیکنگ کی جارہی تھی۔ اسی دوران پیکنگ سے الارم بجنے لگا۔ اس کی وجہ سے فائر ڈپارٹمنٹ، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ مذکورہ پیکنگ میں کینسر کے خلاف دوا موجود تھی جس میں ریڈیو ایکٹیو مادہ زیادہ ہونے کی وجہ سے خطرہ کا الارم بجنے لگا۔ بعد ازاں ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے تیار کی جانے والی ادویات کی کھیپ میں ریڈیو ایکٹیو مادے کی موجودگی کی وجہ سے خطرہ کا الارم چالو ہوا تھا۔