لیبر قوانین کی منسوخی پر سی پی آئی قائد عزیز پاشاہ کا احتجاج

   

بین الاقوامی ادارہ سے رجوع ہونے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔15۔ مئی(سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا اور سی پی آئی قائد سید عزیز پاشاہ نے بی جے پی برسر اقتدار ریاستوں اور اڈیشہ حکومت کی جانب سے مزدوروں کے خلاف اقدامات کرنے کی مذمت کی ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار کئی ریاستیں اور اڈیشہ حکومت نے لیبر قوانین منسوخ کرتے ہوئے خانگی اداروں کو کام کے اوقات 8 سے بڑھاکر 12 گھنٹے کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ عزیز پاشاہ جو آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس کے قائد ہیں، کہا کہ اترپردیش ، مدھیہ پردیش اور گجرات حکومتوں نے سرمایہ کاری کے نام پر انڈسٹریل ڈسپیوٹ ایکٹ اور فیاکٹریز ایکٹ کو کچرہ دان کی نذر کردیا ہے ۔ اترپردیش حکومت نے 38 کے منجملہ 35 لیبر قوانین کو معطل کردیا ۔ حکومتوں کے یہ اقدامات ٹریڈ یونین حقوق کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ سنٹرل ٹریڈ یونینوں نے ان تمام ریاستی حکومتوں کو احتجاج کا الٹی میٹم دیا ہے ۔ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن سے مداخلت کے لئے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ کورونا بحران کے نتیجہ میں عوام غربت ، بیروزگاری اور فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ لیبر قوانین کو نظرانداز کرتے ہوئے مسائل میں اضافہ کرنا افسوسناک ہے۔ حکومتوں کو مائیگرنٹ لیبرس کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔