مائیلار دیو پلی میں دیوار گرنے سے دو کمسن بچے ہلاک ۔ تین زخمی

   

حیدرآباد : 3 جون ( سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ مائیلاردیو پلی میں دیوار گرنے سے دو کمسن ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 10بجے اس وقت پیش آیا جب بچے دیوار کے سایہ میں کھیل رہے تھے کہ دیوار اچانک ان پر گرپڑی ۔ اس ہولناک واقعہ میں 10سالہ نور جہاں اور 5سالہ عارفہ پروین برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر تین 9سالہ محمد علی ، 4 سالہ نجیم خاتون اور 3سالہ آفریدی شدید زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کے فوری بعد مقامی عوام کی مدد سے پولیس نے زخمی بچوں کو ہاسپٹل منتقل کیا ۔ اس خوفناک واقعہ کے بعد بابل ریڈی نگر میں سنسنی پھیل گئی اور مہلوکین کے افراد خاندان میں کہرم مچھ گیا ۔ کمسن بچوں کی نعشوں کو دیکھ کر مقامی سطح پر غم کی لہر دوڑ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نور جہاں ، محمد نجیم اور عارفہ پروین اکبر نامی شخص کی بیٹی تھی ۔ نجیم پانچ سال قبل بہار سے حیدرآباد روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور مقامی سطح پر پلاسٹک کمپنی میں مزدوری کرتے ہوئے اپنے خاندان کی پرورش کررہا تھا ۔ بابل ریڈی نگر میں ایک 30سالہ قدیم دیوار اچانک منہدم ہوگئی اور دیوار کی زد میں آکر بچے ہلاک ہوگئے ۔ پولیس مائیلاردیو پلی نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع