مائیگرنٹ ورکرس اور دیگر مسائل پر کانگریس کی آج آن لائین مہم

,

   

سوشیل میڈیا کے ذریعہ ملک بھر میں مسائل اجاگر کرنے کا فیصلہ: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے تمام پارٹی قائدین اور ورکرس کو ہدایت دی کہ وہ 28 مئی کو مائیگرنٹ ورکرس کے مسائل پیش کرنے کیلئے قومی سطح پر آن لائین مہم میں حصہ لیں۔ کانگریس ہائی کمان نے ملک بھر میں 28 مئی کو صبح 11 تا 2 بجے دن سوشیل میڈیا کے مختلف ذرائع پر آن لائین مہم کا اعلان کیا ہے ۔ اس مہم میں مائیگرنٹ ورکرس کے مسائل کے علاوہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریبوں اور چھوٹی صنعتوں کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پارٹی قائدین کو مخاطب کیا اور سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ مہم میں حصہ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اعلیٰ کمان نے مرکزی حکومت کو لاک ڈاون سے متاثرہ شعبوں کے مسائل سے واقف کرانے کے لئے آن لائین مہم کا فیصلہ کیا ہے ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال نے اس سلسلہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کو مکتوب روانہ کیا۔ لاک ڈاون سے متاثرہ ورکرس کے علاوہ کسانوں ، غیر منظم شعبوں کے مزدوروں ، چھوٹی اور متوسط صنعتوں ، روزانہ محنت مزدوری کرنے والے افراد اور مچھیروں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے یہ مہم چلائی جائے گی۔ کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر ملک بھر میں مائیگرنٹ ورکرس اور غریبوں کی مدد کی جارہی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہر پارلیمانی حلقہ میں 10 ہزار سے زائد پارٹی قائدین اور ورکرس آن لائین مہم میں حصہ لیں گے۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم جیسے فیس بک، ٹوئیٹر ، انسٹگرام ، یوٹیوب وغیرہ پر 11 تا 2 بجے دن عوامی مسائل پیش کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے انکم ٹیکس کی ادائیگی سے مستثنیٰ غریب خاندانوں میں فی کس 10 ہزار روپئے کی امداد کا مطالبہ کیا ۔