مائیگرنٹ ورکرس کی مشکلات ‘ مرکز و ریاستوں کے اقدام ناقص : سپریم کورٹ

,

   

سفر ‘ غذا اور پناہ کے مفت انتظامات کئے جائیں۔ 28 مئی تک جواب داخل کرنے کی ہدایت
نئی دہلی 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مائیگرنٹ ورکرس کی مشکلات کا نوٹ لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج کہا کہ مرکز و ریاستی حکومتوں سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں ۔ عدالت نے حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ مائیگرنٹ ورکرس کو ٹرانسپورٹ ‘ غذا اور پناہ مفت فراہم کرے ۔ مائیگرنٹ ورکرس کے پیدل سفر ‘ سائیکل پر سفر اور ایسی ہی دیگر مشکلات کا میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت نے مرکزی حکومت اور ریاستوں کے علاوہ مرکزی زیر انتظام علاقوں کو نوٹسیں جاری کی ہیںاور 28 مئی تک ان کے جواب طلب کئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ حالانکہ مرکز اور ریاستی حکومتوں نے ان مزدوروں کو راحت پہونچانے کچھ اقدامات کئے ہیں لیکن ان میں کچھ خامیاں اور نقائص رہ گئے ہیں۔ موثر اقدامات اب ضروری ہیں تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے ۔ عدالت نے کہا کہ مائیگرنٹس کیلئے سفر کے انہیں غذا فراہم کرنے کے اور پناہ دینے کے اقدامات مفت کئے جانے چاہئیں۔ عدالت نے صورتحال کا از خود نوٹ لیتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔ واضح رہے کہ کئی گوشوں سے تنقیدیں کی جا رہی تھیں کہ حکومتوں کی جانب سے مائیگرنٹ ورکرس کی کوئی مدد نہیں کی جا رہی ہے اور انہیں سڑکوں پر پیدل سفر کرنے کیلئے بے یار و مدد گار چھوڑ دیا گیا ہے ۔ عدالت نے حکومت سے 28 مئی تک جواب طلب کیا ہے ۔