مادھاپور میں سڑک حادثہ، راہگیر برسر موقع ہلاک

   

حیدرآباد : مادھاپور علاقہ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں تیز رفتار فراری کار نے ایک راہ گیر کو ٹکر دیتے ہوئے علاقہ میں ہلچل مچادی ۔ تفصیلات کے مطابق جوبلی ہلز سے مادھاپور کی سمت تیز رفتار سے آج دوپہر ایک فراری کار نے فٹ پاتھ پر چل رہے واچ مین یسو بابو کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ اس حادثہ میں وہاں پر موجود دیگر افراد بھی زخمی ہوگئے ۔ قیمتی فراری کار حادثہ کا شکار ہونے کے بعد مین روڈ پر پہونچ گئی جس کے نتیجہ میں ٹریفک کچھ دیر کیلئے جام ہوگئی ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر مادھاپور پولیس اسٹیشن سے وابستہ خاتون سب انسپکٹر پی ہاریکا وہاں پہونچ گئی اور کار ڈرائیور نوین کمار گوڑ کو حراست میں لے لیا اور اس کی کار کو بھی ضبط کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ انتہائی تیز رفتاری و لاپرواہی سے کار چلانے کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے اور پیشہ سے واچ مین یسو بابو کی موت واقع ہوگئی ۔ پولیس مادھاپور نے کار ڈرائیور کے خلاف لاپرواہی سے کار چلانے اور تعزیرات ہند کے دفعات کے علاوہ موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت بھی ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور کل اسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا جائے گا ۔