ماسکو پر چھٹویں روز بھی یوکرینی ڈرون حملے جاری

   

ماسکو : روس کا دارالحکومت ماسکو مسلسل چھٹویںدن بھی یوکرین کی جانب سے ڈرون حملوں کی زد میں ہے۔ تازہ ترین حملے میں ماسکو کے مرکزی کاروباری ضلع کی ایک عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ ماسکو پر تازہ ترین حملہ روسی توپ خانے کی جانب سے مشرقی یوکرین کے شہر لیمن کے قریب دو دیہاتوں کو نشانہ بنانے کے چند گھنٹے بعد کیا گیا۔ماسکو کا یہ علاقہ جو فرنٹ لائن سے سینکڑوں کلو میٹر دور ہے، حالیہ ہفتوں میں بارہا حملوں کی زد میں آیا تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاع نے ایک یوکرینی ڈرون کو موزائیسکی ضلع میں جبکہ دوسرے کو ماسکو کے علاقے خمکی میں مار گِرایا۔بیان کے مطابق ’ایک تیسرا ڈرون ماسکو سٹی بزنس ڈسٹرکٹ میں کریملن سے تقریباً پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر ایک عمارت سے ٹکرا کر فضائی دفاع کا نشانہ بنا۔‘روس کی سرکاری نیوز ایجنسی طاس نے رپورٹ کیا ہے کہ ماسکو کے ونوکووو، شیریمیٹیوو اور ڈومودیدوو ہوائی اڈوں پر فضائی ٹریفک کو مختصر وقت کے لیے روک دیا گیا۔