مانسون کیرالا پہنچ گیا، کئی اضلاع میں موسلادھار بارش

   

نئی دہلی ، 4 جون (ایجنسیز) محکمہ موسمیات نے جمعرات کو جنوبی ریاست کیرالا میں جنوب مغربی مانسون کی آمد کا اعلان کیا، جو ملک کے سالانہ بارش کے موسم کے آغاز کا اشارہ دیتا ہے۔ مانسون اب مضبوطی سے قائم ہونے کے بعد کیرالا کے کئی اضلاع میں شدید بارش ہورہی ہے۔ مانسون کا آغاز یکم؍ جون کی معمول کی تاریخ سے چار دن بعد ہوا، اور اس کے ساتھ غیریقینی صورتحال کا خاتمہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے پہلے اشارہ دیا تھا کہ کیرالا اور آس پاس کے علاقوں میں مانسون کی پیش قدمی کیلئے ماحولیاتی حالات سازگار ہو رہے ہیں۔ بارش کی مسلسل سرگرمی اور بہتر موسمی امکانات کے بعد محکمہ موسمیات نے مانسون 4 جون کو شروع ہونے کی تصدیق کی۔ یہ اعلان موسمیاتی ایجنسی کی نظر ثانی شدہ پیش قیاسی کے بعد کیا گیا ہے۔ مئی میںمحکمہ نے 26 مئی کے آس پاس مانسون کی جلد آمد کی پیش قیاسی کی تھی۔ تاہم، موسم کی تبدیلیوں نے بحیرہ عرب کے اوپر نظام کی نقل و حرکت کو سست کر دیا۔