حیدرآباد۔ 25۔مئی۔(سیاست نیوز) مانسون کی آمد میں ابھی محض چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مانسون کی آمد کی تیاریوں کو مکمل نہیں کیا جاسکا ہے بلکہ برساتی نالوں کی صفائی کو بھی مکمل نہیں کیاگیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں زائد از 40 فیصدبرساتی نالوں کی صفائی کے کام باقی ہیں اور کاموں کی تکمیل کے لئے کم از کم 15 دن کا وقت درکار ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے حدود میں موجود برساتی نالوں کی صفائی اور پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کے سلسلہ میں کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات کے باوجود ان کاموں کی عدم تکمیل کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ مانسون کی قبل از وقت آمد کی توثیق کے نتیجہ میں ان کاموں کی تکمیل ممکن نہیں ہوپائی ہے اگر مانسون معمول کے مطابق جون کے پہلے ہفتہ میں ہوتی تو ایسی صورت میں بیشتر کاموں کو مکمل کرلیا جاتا لیکن موسمی صورتحال میں یکسر تبدیلی کے نتیجہ میں ان کاموں کو مکمل کرنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ آر وی کرنن آئی اے ایس کمشنر جی ایچ ایم سی نے اپنے ماتحت عہدیدارو ںکو اس بات کی ہدایت دی تھی کہ وہ مانسون کی آمد سے قبل برساتی نالوں کی صفائی ‘ مین ہولس کے ڈھکن اور سڑکوں پر موجود گڑھوں کو بند کرنے کے اقدامات کو مکمل کرلیں تاکہ موسم باراں کے دوران شہریوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔3
دونوں شہروں بالخصوص پرانے شہر کے کئی علاقوں میں برساتی نالوں کی عدم صفائی کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں کے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو پرانے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع نہ ہواس کے لئے خصوصی اقدامات پر توجہ دینے کے علاوہ کم از کم شہر کی اہم سڑکوں پر موجود گڑھوں کو فوری طور پر بند کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے شہر کے جن علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے ان علاقوں میں سڑکوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کے متعلق بھی عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں لیکن ان کاموں کو بھی مانسون کی آمد سے قبل مکمل کئے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اگر فوری طور پر برساتی نالوں کی صفائی کے اقدامات کا آغاز کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش کے پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔3