مانصاحب ٹینک ‘ مہدی پٹنم و آصف نگر علاقوں میں آلودہ پانی کی سربراہی

   

پانی کا رنگ بھی تبدیل ۔ بارہا شکایات پر بھی آبرسانی بورڈ خاموش
حیدرآباد۔28اپریل ۔شہریوںکو محفوظ پینے کے پانی کی سربراہی محکمہ آبرسانی کی ذمہ داری ہے لیکن دونوں شہروں کے کئی مقامات بالخصوص مانصاحب ٹینک‘ مہدی پٹنم ‘ آصف نگر کے علاقوں میں آلودہ پینے کے پانی کی سربراہی کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ گوشۂ قارئین میں موصول تفصیلات کے مطابق ترقی یافتہ حلقہ اسمبلی نامپلی کے مذکورہ محلہ جات کے عوام کو نل کے ذریعہ جو پانی سربراہ کیا جا رہاہے وہ انتہائی آلودہ ہے اور پانی کا رنگ بھی تبدیل ہوچکا ہے ۔ متعدد مرتبہ شکایات کے باوجود بھی محکمہ آبرسانی نے اس مسئلہ کے حل کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جس کے نتیجہ میں شہری نلوں کے ذریعہ سربراہ کئے جانے والے پانی کو استعمال نہیں کر پا رہے ہیں اور انہیں پانی خرید کر استعمال کرنا پڑرہا ہے۔ مہدی پٹنم‘ آصف نگر ‘ مانصاحب ٹینک و دیگر علاقوں میں آلودہ پانی کی سربراہی کے متعلق منتخبہ عوامی نمائندوں کو بھی شکایات کی گئی ہیں اور ان کی بھی متعدد نمائندگیوں کے باوجود اس مسئلہ کو حل نہیں کیا جاسکا ہے۔ محکمہ آبرسانی کا کہنا ہے کہ اس مسئلہ کو حل کرنے مرمت کے کام درکار ہیں اور انہیں موسم باراں کے آغاز سے قبل مکمل کیا جانا لازمی ہے لیکن تاحال اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوپائی ہے۔