ماں بچہ کی صحت کو ترقی میں کلیدی حیثیت حاصل

   

محفوظ تولید نہایت اہم ، کاما ریڈی میں پرجا پالن ۔پرگتی پرنالیکا پروگرام :کلکٹر

کاماریڈی۔8 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹرکاماریڈی آشیش سنگوان نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت ریاست کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے لیے محفوظ زچگی پروگرام نہایت اہم ہے۔ ضلع کلکٹر مسٹر آشیش سنگوان ’’پرجا پالن۔پراگتی پرنالیکا‘‘پروگرام کے تحت منعقدہ صحت ہفتہ تقاریب کے موقع پر کلکٹریٹ کے آئی ڈی او سی اجلاس ہال میں منعقدہ محفوظ زچگی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے شمع روشن کر کے پروگرام کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت طبی اور زچگی خدمات سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے اور صحت عملہ کو ہدایت دی کہ وہ دیہی سطح پر عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مزید سرگرم کردار ادا کریں۔ آنگن واڑی اور آشا کارکنوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ حاملہ خواتین کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں بروقت طبی معائنہ، غذائیت اور ٹیکہ جات کی سہولتیں فراہم کریں۔ اس موقع پر منعقدہ خصوصی ورکشاپ میں ماہر ڈاکٹروں نے حاملہ خواتین کی صحت، قبل و بعد از اں زچگی احتیاطی تدابیر، غذائیت کی اہمیت اور محفوظ زچگی کے طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی، جبکہ اسپتالوں میں ہی زچگی کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا۔ قبل ازکلکٹر نے دیون پلی پرائمری ہیلتھ سنٹر کے تحت پلے دواخانہ شابدھی پور کا دورہ کرتے ہوئے گرام ہیلتھ، نیوٹریشن اینڈ سینیٹیشن ڈے (VHNSD) پروگرام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی اور ایک حاملہ خاتون کا ہیموگلوبن ٹسٹ اپنے سامنے کروایا، جبکہ شوگر ٹسٹ کٹس کا بھی جائزہ لیا۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ آبادی کے تناسب سے تمام حاملہ خواتین کا مکمل اندراج کیا جائے اور بچوں کو بروقت ٹیکہ جات فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائیت، موسمی امراض، تپ دق (ٹی بی) اور جذام جیسے امراض کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے سرپنچ، ہیلتھ کمیٹی اراکین اور طبی عملہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ اس موقع پر ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ڈی رویندر گوڑ، پروگرام آفیسر ڈاکٹر راجو، ڈی پی او پدمجا، مقامی سرپنچ، آنگن واڑی و آشا کارکنان اور دیگر متعلقہ عہدیدار بھی موجود تھے۔