مایرب کے محاذ پر پیش قدمی جاری‘ 10حوثی کمانڈر ہلاک

   

صنعا ۔ یمن کے صوبے مایرب کے مغرب میں خنجر اور کسار کے محاذوں پر حوثی ملیشیا کے خلاف کی جانے والی کارروائی میں حوثیوں کے 10اہم کمانڈر ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق حوثی ملیشیا کی ایلیٹ فورس کے اہم کمانڈروں کو حال ہی میں مایرب کے محاذوں پر تعینات کیا گیا تھا۔ فوجی کارروائی میں ہلاک ہونے والے حوثی کمانڈروں میں ایلیٹ فورس کے سربراہ بریگیڈیئر محمد علی ملیکی،، کیپٹن محمد بطلہ، میجر مدین عبدالناصر نمر، میجر علی احمد سجاد، محمد مطہر جرید، حمزہ قشوی، کرنل علی محمد مرہ، عدی سعد بہال، کیپٹن محمد حازم فاضل اور میجر ناصر حمود مہد شامل ہیں۔ اس سے قبل بدھ کے روز یمنی فوج اور مزاحمتی ملیشیا نے حوثی باٰغیوں پر صرواح کے محاذ پر گھات لگا کرحملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 17حوثی جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یمنی حکومت ایک قانونی حکومت ہے ،جس کو امریکہ تسلیم کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی توجہ امن کوششوں سے زیادہ جنگ پر مرکوز ہے۔ یمن کے لیے امریکی ایلچی کی جانب سے دیے گئے بیان کے حوالے سے بعض غلط خبریں گردش کررہی ہیں۔