اسپورٹس اسکول اور کرکٹ اسٹیڈیم کیلئے یادداشت، ضلع کی ترقی کیلئے اقدامات کا تیقن
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) متحدہ ورنگل ضلع سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں اور کانگریس قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور ضلع کے ترقیاتی پراجکٹس پر یادداشت پیش کی۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور اسٹیشن گھن پور کے رکن اسمبلی کے سری ہری کی قیادت میں متحدہ ورنگل ضلع کے ارکان اسمبلی آر پرکاش ریڈی، این راجندر ریڈی، ایم یشسنوی ریڈی، کے ناگراجو اور دوسروں نے چیف منسٹر کو تفصیلی یادداشت پیش کی اور ضلع کے زیر التواء امور سے واقف کرایا۔ تلنگانہ ینگ انڈیا انٹرنیشنل ریسیڈنشیل اسکول کے علاوہ کھیل کود کے فروغ کے لئے اسپورٹس اسکولس کے قیام کی درخواست کی گئی۔ متحدہ ورنگل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خصوصی اقدامات کا تیقن دیا۔ ورنگل سے تعلق رکھنے والے کئی کھلاڑیوں نے ریاستی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ کئی کھلاڑیوں کو مرکز کی جانب سے ارجن ایوارڈ اور درونا چاریہ ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں۔ ورنگل میں جواہر لال نہرو اسٹیڈیم موجود ہے جہاں کھلاڑی ٹریننگ حاصل کرتے ہیں۔ عوامی نمائندوں نے مختلف کھیل کود کے لئے علیحدہ ٹریننگ کی سہولت کی درخواست کی اور ماہر کھلاڑی کی خدمات فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ورنگل میں ایک اور اسٹیڈیم کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر نے خصوصی اسپورٹس اسکول کے قیام کا تیقن دیا۔ عوامی نمائندوں نے ورنگل میں ریاستی اور قومی سطح کے مقابلوں کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اسپورٹس اسکول کے لئے کاکتیہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی اراضی موجود ہے۔ قومی شاہراہ پر 20 ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد ورنگل دوسرا بڑا شہر ہے اور تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ورنگل میں این آئی ٹی کے علاوہ کاکتیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر کالوجی نارائن راؤ، ہیلت یونیورسٹی، خانگی یونیورسٹیز، تین میڈیکل کالجس کے علاوہ خانگی اور سرکاری انجینئرنگ کالجس موجود ہیں۔ نوجوانوں کا رجحان اسپورٹس میں کرکٹ کی طرف زیادہ دکھائی دے رہا ہے لہذا ضلع میں خصوصی طور پر کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے۔ عوامی نمائندوں نے شہر کی ترقی کے لئے انڈر گراؤنڈ ڈرینیج ، ایئرپورٹ، انر رنگ روڈ، آؤٹر رنگ روڈ اور میگاٹکسٹائل پارک کے منصوبوں پر عاجلانہ عمل آوری اور حکومت کی جانب سے فنڈس کی منظوری کی اپیل کی۔ انہوں نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ ضلع کے ترقیاتی کاموں پر جائزہ اجلاس طلب کریں۔ چیف منسٹر نے یادداشت میں پیش کئے گئے امور پر غور کرنے کا تیقن دیا۔ ریونت ریڈی نے متعلقہ محکمہ جات کے سکریٹریز سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے اسپورٹس اسکول اور کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا فوری طور پر جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو تیقن دیا کہ ضلع میں جاریہ ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ 1