متنازعہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ بی جے پی کا بائیکاٹ کررہے ہیں؟

   

وزیر اعظم مودی۔ امیت شاہ کے جلسوں سے دوری، بی جے پی کی سیاسی سرگرمیوں سے اُوجھل
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا کی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ تمام جماعتیں اور قائدین انتخابی مہم چلانے امیدواروں کے اجلاس منعقد کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔ تاہم بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ سیاسی سرگرمیوں سے غائب دکھائی دے رہے ہیں۔ اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی نے انہیں معطل کردیا تھا۔ اب ایسا لگ رہا ہیکہ وہ بی جے پی کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے تلنگانہ میں جلسہ عام اور روڈ شو کا اہتمام کیا مگر بی جے پی کے ٹکٹ پر تیسری مرتبہ کامیاب ہونے والے گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کہیں نظر نہیں آئے۔ تلنگانہ بی جے پی قیادت اور راجہ سنگھ کے درمیان دوریاں دن بہ دن بڑھتی جارہی ہیں۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اسمبلی حلقہ گوشہ محل میں ایک ریالی منظم کی تھی جس میں بھی راجہ سنگھ نے شرکت نہیں کی۔ بی جے پی تلنگانہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ بی جے پی کے تمام ارکان اسمبلی ان سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ مگر راجہ سنگھ کہیں نظر نہیں آرہے ہیں اور نہ ہی وہ میڈیا میں کہیں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ وہ اپنے بیانات سے تنازعہ پیدا کرتے ہوئے میڈیا میں چھائے رہتے ہیں۔ بتایا جارہا ہیکہ راجہ سنگھ اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ ساتھ ہی انہیں تیسری مرتبہ کامیابی کے باوجود بی جے پی مقننہ پارٹی کا قائد نہ بنانے پر بھی وہ ناراض ہیں۔ تلنگانہ بی جے پی نے انہیں دو پارلیمانی حلقوں حیدرآباد اور ظہیر آباد کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی تیار کرنے کشن ریڈی نے پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں اجلاس طلب کیا تھا جس میں بھی راجہ سنگھ نے شرکت نہیں کی تھی جس سے بی جے پی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہے راجہ سنگھ بی جے پی کا غیر محسوس طریقہ سے بائیکاٹ کررہے ہیں۔ 2