متنازعہ فلم ’ رضاکار‘ کی نمائش روکنے کیلئے الیکشن کمیشن سے نمائندگی

   

چیف الیکشن کمشنر کو جی نرنجن کا مکتوب
حیدرآباد۔/17 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں متنازعہ فلم ’ رضاکار‘ کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی اور الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر کو مکتوب میں کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد فلم ’رضاکار‘ کی نمائش ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی متصور ہوگی کیونکہ اس فلم کی نمائش سے عوام کے درمیان فرقہ وارانہ منافرت پیدا ہوسکتی ہے۔ میر عثمان علی خان نے نظام اسٹیٹ کے آخری حکمراں کی حیثیت سے انڈین یونین میں انضمام کا معاہدہ کیا تھا۔ مکتوب میں کہا گیا کہ اُسوقت کے وزیر داخلہ سردار پٹیل نے پولیس ایکشن جسے آپریشن پولو بھی کہا جاتا ہے کارروائی کا حکم دیا تھا۔ مکتوب میں بتایا گیا کہ فلم ’ رضاکار‘ میں تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر جی نارائن ریڈی نے یہ فلم تیار کی جسے ریاست میں ریلیز کردیا گیا۔ مرکزی حکومت نے ہر سال 17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے منانے کا اعلان کیا ہے۔ نرنجن نے کہا کہ فلم کے ذریعہ سماج کے مختلف طبقات میں منافرت کا اندیشہ ہے لہذا انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے پیش نظر الیکشن کمیشن کو فلم کی نمائش روکنے کی ہدایت دینی چاہیئے۔ نرنجن نے الیکشن کمیشن کو فلم کے متنازعہ ڈائیلاگس کی تفصیلات روانہ کی ہیں۔1