حیدرآباد 25 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ریاست میں خود کشی کرچکے کسانوں کے خاندانوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے ریاستی حکومت نے ہر متوفی کے خاندان کو 6 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی ادائیگی کیلئے 7.95 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس سلسلہ میں احکام جاری کئے اور ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کے خاندانوں میں یہ رقم تقسیم کریں۔ ریاست میں 2014 سے 2018 کے درمیان جملہ 1600 کسانوں نے فصل کی ناکامی اور نقصانات کی وجہ سے خود کشی کرلی تھی ۔ ریونیو ‘ پولیس اور زراعت کے عہدیداروں نے اس کی جانچ بھی کی ۔ اسی کے مطابق ریاستی حکومت نے مرحلہ وار انداز میں1,450 کسانوں کے خاندانوں میں ایکس گریشیا کی تقسیم عمل میں لائی ۔ جو تازہ ترین رقم جاری کی گئی ہے وہ معاوضہ کا آخری حصہ ہوگی ۔ حالانکہ 2018 کے بعد سے کچھ دوسرے کسانوں نے بھی خود کشی کی ہے لیکن ان کا ریتو بیما اسکیم کے تحت احاطہ کیا گیا اور ہر خاندان کو پانچ لاکھ روپئے کا معاوضہ ملا ہے ۔ ریاستی حکومت نے کی جانب سے 2018 سے ریتو بندھو اسکیم پر عمل کیا جا رہا ہے جس کے تحت کسانوںکو فی کس پانچ لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیا جا رہا ہے ۔ ریتو بیما اسکیم سے اب تک جملہ 70,000 خاندانوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ اب تک جملہ 3,502 کروڑ روپئے انشورنس کی رقم ایل آئی سی کی جانب سے ادا کی گئی ہے ۔