انتخابات کے عدم انعقاد پر فیصلہ، پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کا جواب
حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے مالیاتی سال 2024-25 ء کے لئے دیہی مجالس مقامی کی گرانٹس کی اجرائی کو روک دیا ہے۔ تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کے عدم انعقاد کے نتیجہ میں مرکز نے یہ فیصلہ کیا۔ مرکز کی جانب سے دیہی مجالس مقامی کے لئے 1514 کروڑ فنڈس مختص کئے گئے تھے لیکن انتخابات کے عدم انعقاد کے سبب مرکز نے یہ رقم جاری نہیں کی۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ نے لوک سبھا میں اِس سلسلہ میں سوال اُٹھایا جس پر مرکزی مملکتی وزیر پنچایت راج ایس پی سنگھ نے جواب دیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ پندرہویں فینانس کمیشن کے تحت دیہی مجالس مقامی کے لئے تلنگانہ کو مالیاتی سال 2024-25 ء میں منظورہ گرانٹ شرائط کی عدم تکمیل پر جاری نہیں کی گئی۔ شرائط کے مطابق مجالس مقامی کے انتخابات منعقد کئے جائیں اور اُن کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔ مرکزی وزیر نے وضاحت کی کہ انتخابات کے انعقاد اور مجالس مقامی کی تشکیل کے بعد ریاستی حکومت کی درخواست پر فنڈس جاری کئے جاسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پندرہویں فینانس کمیشن کے پاس دستیاب فنڈس کی بنیاد پر اجرائی عمل میں آئے گی۔ مرکزی حکومت نے 2014-15 ء سے 2024-25 ء تک پنچایت راج وزارت کے تحت مختلف اسکیمات کے لئے تلنگانہ کو 123.29 کروڑ فنڈس جاری کئے ہیں۔1