میدک اور کھمم حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مجالس مقامی ایم ایل سی زمرہ کی 2 نشستوں پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس اعلیٰ کمان نے میدک اور کھمم مجالس مقامی حلقہ جات کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو منظوری دی ہے۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے میدک ضلع کی نشست کیلئے رکن اسمبلی جگا ریڈی کی شریک حیات نرملا جگاریڈی اور کھمم حلقہ کیلئے آر ناگیشورراؤ کے بطور امیدوار ناموں کو منظوری دی ہے۔ مجالس مقامی کی 12ایم ایل سی نشستوں کیلئے آج پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آخری دن تھا۔ کانگریس پارٹی نے ابتداء میں نلگنڈہ، ورنگل اور نظام آباد حلقوں سے بھی مقابلہ کی تیاری کی تھی اور امکانی امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا تاہم تین حلقوں میں درکار رائے دہندوں کی تعداد نہیں ہے جس کے نتیجہ میں صرف میدک اور کھمم سے مقابلہ کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیش کمار نے نظام آباد سے مقابلہ کرنے کا پیشکش کیا جسے ہائی کمان نے مسترد کردیا۔ نظام آباد نشست پر چیف منسٹر کی دختر کویتا مقابلہ کررہی ہیں اور اس نشست کے تحت مجالس مقامی میں کانگریس نمائندوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔ مہیش کمار کے مقابلہ کی صورت میں موجودہ عوامی نمائندے بھی ٹی آر ایس میں شامل ہوسکتے ہیں لہذا پارٹی نے مہیش کمار کو مقابلہ سے روک دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی سطح پر مہیش کمار کی امیدواری کی مخالفت کی جارہی تھی اور پرچہ نامزدگی کے ادخال کیلئے درکار 10 نام بھی دستیاب نہیں تھے۔ر