مجتبیٰ حسین کو بہادر شاہ ظفر ایوارڈ

   

حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری (راست) حکومت دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا کے اجلاس پر دہلی اردو اکیڈیمی کی گورننگ کونسل کی بیٹھک اس کے صدرنشین پروفیسر شہپر رسول کی سرکردگی میں منعقد ہوئی جس میں متفقہ طور پر سال 2017 ء کا کل ہند بہادر شاہ ظفر ایوارڈ برصغیر کے ممتاز مزاح نگار مجتبیٰ حسین کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ ایوارڈ دیڑھ لاکھ روپئے، شیلڈ اور توصیف نامہ پر مشتمل ہے۔ مجتبیٰ حسین نے چھ دہائی قبل روزنامہ سیاست میں مزاحیہ کالم نگاری سے اپنے ادبی سفر کا آغاز کیا تھا اور آج ان کا شمار اردو دنیا کے ممتاز ترین مزاح نگاروں میں ہوتا ہے۔ ان کی 30 سے زائد تصانیف شائع ہوچکی ہیں اور انہیں ملک اور بیرون ملک کے کئی باوقار انعامات سے نوا زا جاچکا ہے۔ مجتبیٰ حسین نے اپنی ملازمت کا طویل عرصہ دہلی میں گزارا اور اب حیدرآباد میں مقیم ہیں۔ حیدرآباد کو طنز و مزاح کی راجدھانی بنانے میں مجتبیٰ حسین کی بے لوث خدمات ناقابل فراموش ہیں۔