مجلس میں تنظیمی تبدیلی،ایس اے حسین انور نئے معتمد عمومی

   

صدر مجلس کے شخصی مددگار سید مشتاق احمد شریک معتمد، محسن بلعلہ پارٹی کے نئے خازن
حیدرآباد۔ 28۔ستمبر۔(سیاست نیوز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے نئے معتمد عمومی ‘ شریک معتمد‘ خازن کے علاوہ شعبہ تنظیم کے انچارج اوران کے معاون کے تقرر کا اعلان کیا ہے۔صدر مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی نے آج جاری کئے گئے صحافتی اعلامیہ میں اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے سابق رکن اسمبلی و شریک معتمد کل ہند مجلس اتحاد المسلمین جناب سید احمد پاشاہ قادری کے انتقال کے بعد ان کی جگہ پر جناب ایس اے حسین انور کوشریک معتمدعمومی کے عہدہ پرترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ شریک معتمد کے عہدہ پر بیرسٹراسدالدین اویسی نے اپنے شخصی مددگار جناب سید مشتاق احمد کو ذمہ داری تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رکن اسمبلی ملک پیٹ جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ کے بھائی جناب محسن بن عبداللہ بلعلہ کو پارٹی نے خازن کے عہدہ کی ذمہ داری تفویض کی ہے جبکہ شعبہ تنظیم کے انچارج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے سابق کارپوریٹر جناب صمد بن عبدات کے معاونت کی ذمہ داری جناب ابوطلحہ امجد کو تفویض کی گئی ہے۔بیرسٹراسدالدین اویسی نے ان تمام قائدین کو جنہیں نئی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انتہائی اہم ذمہ داریاں ان کے حوالہ کی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پارٹی کے استحکام میں یہ ذمہ دار اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ یوم زائد از 2 گھنٹے بیرسٹر اسدالدین اویسی اور قائد ایوان مقننہ جناب اکبر الدین اویسی نے تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیاتھا۔3