مجلس کے ساتھ نشست الاٹ نہ کی جائے: راجہ سنگھ

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اسمبلی میں نشست الاٹمنٹ کے مسئلہ پر نیا تنازعہ کھڑا کردیا ۔ انہوں نے اسمبلی سکریٹری سے مطالبہ کیا کہ انہیں مجلس کے ارکان کے بازو میں نشست الاٹ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں مجلس ارکان اسمبلی کے ساتھ نشست الاٹ کی جاتی ہے تو وہ میز پر لگے نمبر کو پھاڑ دیں گے ۔ راجہ سنگھ نے سکریٹری سے مطالبہ کیا کہ انہیں علحدہ نشست فراہم کی جائے۔ قبل ازیں انہوں نے مجلس کے رکن عبوری اسپیکر ممتاز احمد خاں کی صدارت میں رکنیت کا حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عبوری اسپیکر کی جانب سے کارروائی کے دن غیر حاضر رہیں گے۔ راجہ سنگھ نے وضاحت کی کہ وہ تمام مسلمانوں کے خلاف نہیں ہیں بلکہ وہ ملک کا احترام نہ کرنے والی جماعت مجلس کی مخالفت کرتے ہیں۔