مجھے بیدخل کرنے کانگریس و کمیونسٹ متحد : مودی

,

   

دونوں حلیف کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں۔ تریپورہ و منی پور میں مودی کا خطاب
ادئے پور / امپھال 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اپوزیشن جماعتیں انہیں اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے بے چین ہیں چاہے اس کیلئے انہیں پاکستان کے گیت ہی کیوں نہ گانے پڑیں۔ ادئے پور میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ تریپورہ کے عوام نے 25 سال بعد بائیں بازو کی حکومت کو بیدخل کرتے ہوئے سارے ملک کیلئے مثال پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی ممتابنرجی تریپورہ میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن ریاست کے عوام ایسا ہونے نہیں دینگے ۔ عوام نے بائیں بازو حکومت کے مظالم سہے ہیں اور پورے صبر سے بی جے پی کے عروج کا انتظار کیا ہے ۔ وہ تریپورہ کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہیں کیونکہ انہوںنے بی جے پی میں اپنے یقین کا اظہار کیا ہے ۔ مودی نے واضح کیا کہ اپوزیشن جماعتیں انہیں اقتدار سے بیدخل کرنے کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور کمیونسٹ جماعتیں مودی کو بیدخل کرنے مل کر کام کر رہی ہیں۔ وہ بہت نچلی سطح تک گر گئی ہیں ۔ وہ پاکستان کے گیت تک گانے لگی ہیں جبکہ این ڈی اے حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو پڑوسی ملک کی سرزمین پر نشانہ بنایا گیا ہے ۔ تریپورہ میں کانگریس اور کمیونسٹ جماعتیں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں لیکن دہلی میں یہ دونوں ہی متحد ہیں۔ وہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنے ہوئے ہیں۔ اگر کمیونسٹوں کی تائید حاصل نہیں ہوتی اور پس پردہ کوئی معاملت نہیں ہوتی تو کانگریس صدر کیوں کیرالا سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرتے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ اگر راہول گاندھی کو جنوبی ہند سے مقابلہ کرنا ہی تھا تو وہ پانڈیچیری یا کرناٹک کے کسی حلقے کا انتخاب کرتے ۔

وہ آندھرا پردیش بھی جاسکتے تھے جہاں حال ہی میں کانگریس نے تلگودیشم سے اتحاد کیا تھا ۔ یا پھر وہ مدھیہ پردیش ‘ راجستھان یا چھتیس گڑھ جاسکتے تھے ۔ ان میں پنجاب میں جانے کی ہمت نہیں ہے کیونکہ وہاں کے عوام ابھی 1984 کے مخالف سکھ فسادات کو بھولے نہیں ہیں۔ مودی نے منی پور میں بھی انتخابی جلسہ سے خطاب کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی اپنے انتخابی منشور کے ذریعہ ہندوستان سے زیادہ پاکستان کی زبان میں بات کر رہی ہے ۔ کانگریس پاکستان کے ایجنڈہ کو آگے بڑھا رہی ہے ۔