مجھے شوپیاں جانے سے روکنے کیلئے نظربند رکھاگیا:محبوبہ

   

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ انہیں شوپیاں کے چھوٹی گام میں ایک کشمیری پنڈت جس پر حال ہی میں حملہ کیا گیا، کے گھر جانے سے روکنے کے لئے اتوار کے روز خانہ نظر بند رکھا گیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت ہند کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی کشمیری پنڈتوں کو آج یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔موصوف صدر نے یہ باتیں اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہیں۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘مجھے خانہ نظر بند رکھا گیا کیونکہ میں شوپیاں ایک کشمیری پنڈت جس پر حال ہی میں حملہ ہوا، کے گھر جانا چاہتی تھی’۔انہوں نے کہا :‘آج چھوٹی گام میں سنیل کمار کے اہل خانہ سے ملنے کی میری کوشش کو انتظامیہ نے ناکام بنا دیا’۔ اُن کے مطابق ایڈمنسٹریشن دعویٰ کر رہی ہے کہ نظر بندی کا فیصلہ لیڈران کی حفاظت کو دھیان میں رکھ کر لیا جاتا ہے لیکن وہ خود پوری وادی کا دورہ کرتے پھر رہے ہیں’۔اُنہوں نے مزید کہا :‘ حکومت ہند کی ان ہی پالیسیوں کی وجہ سے ہی آج کشمیری پنڈتوں کو یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں’ ۔