محبت کے نام پر لڑکی کو ہراساں کرنے والے نوجوان کو سزا

   

حیدرآباد /28 ستمبر ( سیاست نیوز ) محبت کے نام پر کم عمر لڑکی کو ہراسان کرنے والے ایک نوجوان کو عدالت نے تین سال کی سزا سنائی ہے ۔ ایل بی نگر کی ایک عدالت نے سال 2018 کے ونستھلی پورم پولیس کے ایک مقدمہ میں آج ملزم 21 سالہ ایل ہریش وردھن کو تین سال کی سزاء اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے ۔ ملزم کے خلاف کم عمر لڑکی کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق ہریش وردھن اسکول بس کا ڈرائیور تھا ۔ جس نے ایک 16 سالہ لڑکی سے محبت کا دعوی کیا اور لڑکی پر محبت کو قبول کرنے کیلئے دباؤ ڈالتے ہوئے ہراساں و پریشان کر رہا تھا ۔ لڑکی کی جانب سے پیشکش قبول نہ کرنے پر اس نے خودکشی کی دھمکی دی تھی اور لڑکی کے والد کو فون کرتے ہوئے شادی کردینے کا مطالبہ کر رہا تھا ۔ بصورت دیگر ڈرائیور نے لڑکی اور اس کے افراد خاندان کو ہلاک کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا ۔ پولیس میں شکایت کے بعد مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس ونستھلی پورم نے تحقیقات انجام دی اور عدالت نے آج اپنا فیصلہ سنایا ۔ ع