محبوبہ مفتی اننت ناگ۔راجوری نشست سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گی

   

سری نگر: سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی لوک سبھا انتخابات اننت ناگ-راجوری حلقہ سے لڑیں گی جبکہ سری نگر سیٹ سے وحید رحمان پرہ اور شمالی کشمیر سے فیاض احمد میر پی ڈی پی کے امیدوار ہونگے ۔سری نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران پارٹی کے سینئر لیڈ راور سابق وزیر سرتاج مدنی نے کہاکہ اننت ناگ ، راجوری نشست سے محبوبہ مفتی پارٹی کی امیدوارہوں گی جبکہ یوتھ صدر وحید پرہ سری نگر پلوامہ سے الیکشن لڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا کے سابق ایم پی فیاض میرجنہوں نے حال ہی میں پی ڈی پی میں دوبارہ شمولیت اختیار کی بارہمولہ سیٹ سے پارٹی کے امیدوار ہونگے ۔محبوبہ مفتی کا مقابلہ نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف اور ڈی پی اے پی کے چیئرمین غلام نبی آزاد سے ہوگا، جب کہ بی جے پی اور دیگر علاقائی پارٹیوں نے ابھی اس سیٹ سے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے ۔

تین اشتہاری مجرموں کی غیر منقولہ جائیدادیں قرق
سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں تین اشتہاری مجرموں کی اراضی کی صورت میں کروڑوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادوں کو منسلک کر دیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سب جج اوڑی کی طرف سے اجازت حاصل کرنے کے بعد پولیس نے بارہمولہ میں تین اشتہاری مجرموں کی جائیدادوں جو 30 کنال 15 مرالہ اراضی پر مشتمل ہے ،کو منسلک کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تینوں مجرم پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر فرار ہوئے ہیں۔بیان میں اشتہاری مجرموں کی شناخت محمد لطیف ولد شاہ محمد ساکن سلطان داکی جس کی 18 کنال 6 مرلہ زمین کو منسلک کر دیا گیا ہے۔