محبوب نگر جدید عیدگاہ پر مصلیوں کا سب سے بڑا اجتماع

   

ریاستی وزیر سرینواس گوڑ ، ایم پی سرینواس ریڈی اور دیگر کی مسلمانوں سے ملاقات اور مبارکباد

محبوب نگر /23 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر محبوب نگر میں نماز عید کیلئے سب سے بڑا اجتماع جدید عیدگاہ وقف رحمانیہ واناگوٹو پر دیکھا گیا ۔ جہاں دھوپ کی شدت کے باوجود دور دور تک مصلیوں کی صفیں نظر آرہی تھیں ۔ عیدگاہ میں ٹھیک 9.30 بجے نماز عیدالفطر ادا کی گئی ۔ مولانا حافظ محمد اسماعیل صاحب امام جامع مسجد محبوب نگر نے اسلام میں عدل و انصاف اور مساوات پر خطاب کیا ۔ محمد تقی حسین نقشبندی صدر عیدگاہ کمیٹی نے بھی مسلمانوں کے اہم مسائل شادیوں میں ، اسراف اور تعلیم کی اہمیت پر مخاطب کیا ۔ گذشتہ شب بارش سے گرمی کی شدت میں قدرے کمی محسوس کی گئی ۔ عیدگاہ کے باہر قومی یکتا کمیٹی کے زیر اہتمام شامیانہ نصب کیا گیا تھا ۔ جہاں مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دینے کیلئے ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ ، منے سرینواس ریڈی ایم پی ، میونسپل چیرمین نرسمہلو ، ریاستی مالیاتی اقلیتی فینانس کارپوریشن چیرمین محمد امتیاز اسحق ، مارکٹ کمیٹی چیرمین محمد عبداالرحمن ، خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ صدر ضلع کانگریس جی مدھو سدن ریڈی ، ریاستی کانگریس نائب صدر عبیداللہ کوتوال ، ممتاز قانون داں این پی وینکٹیش ، محمد محسن ٹی آر ایس ٹاون اقلیتی سیل صدر و دیگر موجود تھے ۔ عیدگاہ کمیٹی کے ذمہ داران نے مصلیوں کی سہولت کیلئے وسیع تر انتظامات کئے تھے ۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے مسلمانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ریاستی حکومت تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے محبوب نگر میں اقلیتوں کیلئے کئے جارہے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ اس کے علاوہ مستقر کی اہم مساجد مسجد شاہ صاحب گٹہ ، مسجد منیر ، مسجد الفتح ، مسجد الہی ، آل باجبور ، مسجد عبدالمنان ، مسجد عمر و آمنہ ، مسجد محمدی آمنہ ، مسجد سعد بن معاذ ، مسجد صوفیہ ، مسجد مصطفی ، موتی مسجد ، مسجد المدینہ ، مسجد شمس ، مسجد لطیفی ، مدینہ مسجد ، مکہ مسجد ، سراج العلوم الکوثر میں بھی نمازیوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی ۔