محبوب نگر ۔27 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اس سال برسات کی کمی کی وجہ سے محبوب نگر و اطراف کے لوگ کافی پریشان ہیں۔ آبی ذخائر تقریباً خالی ہوچکے ہیں۔ بورویلوں میں بھی پانی ختم ہونے والا ہے کیونکہ زمین میں پانی کی سطح کافی کم ہوچکی ہے۔ ان حالات کے پیش نظر آج محبوب نگر شہر میں مسلم نوجوانوں کی جانب سے بارش کے لیے نماز استسقاء کا اہتمام بمقام حرا ماڈل اسکول گراؤنڈ، بھوت پور روڈ محبوب نگر میں صبح 8:30 بجے کیا گیاتھا۔ حافظ ومفتی انس قاسمی ،امام مسجد منیرکی امامت میں باران رحمت کیلئے نماز ادا کی گئی۔ نماز سے قبل بھی مفتی انس قاسمی نے شرکا سے نماز استسقاء کی اہمیت و ضرورت اور سنت رسول کے مطابق اس کی ادائیگی کے بارے میں تفصیلی خطاب فرمایا۔ بعد نماز خطبہ و رقت آمیز دعا مانگی گئی ۔ شہر محبوب نگر سے کثیر تعداد میں بزرگ حضرات،نوجوانوں اور کمسن معصوم بچوں نے نماز استسقاء و دعا میں شرکت کی۔ علماء و حفاظ کرام و مدرسہ عربیہ کے طلباء نے بھی شرکت کی۔ تمام مکاتب فکر کے احباب و مختلف دینی جماعتوں کے ذمہ داران و سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔ اس نماز استسقاء کا انتظام محمد منیر الدین فہد, محمد نعمت خان اور ان کے ساتھیوں اور خاص طور ہر محلہ رامیا باولی کے نوجوانوں نے کیا تھا۔