محبوب نگر میں 20 کتوں کو گولی مار دی گئی

   

نقاب پوشوں کی کارروائی ۔ خاطیوں کا پتہ چلانے کوشش جاری
حیدرآباد 17 فبروری ( سیاست نیوز ) محبوب نگر ضلع میںکم از کم 20 آوارہ کتے گولی مار کر ہلاک کردئے گئے ۔ کہا گیا یہ کہ نامعلوم افراد نے ان کتوں کو گولی ماردی ۔ فائرنگ کرنے والے افراد کی نشاندہی نہیںہوسکی ہے کیونکہ یہ لوگ چہرہ پر نقاب لگائے ہوئے تھے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پوناکل گاؤںمیںجمعرات کو رات دیر گئے پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ پانچ کتے زخمی بھی پائے گئے ۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ہتھیار استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی ہے اور پولیس کو جمعہ کی صبح اس واقعہ کی اطلاع دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 20 کتے مردہ پائے گئے جبکہ پانچ کتے زخمی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خاطیوں کا پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ خاطیوں میںایک شخص کار میں آیا تھا ۔ پولیس عہدیدار نے ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر یہ بات بتائی اور کہا کہ مناسب دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ اڈاکل پولیس نے پنچایت عہدیدار کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ کتوں پر فائرنگ کیلئے جو بندوق استعمال کی گئی اس پر سائلنسر لگی ہوئی تھی ۔ گلیوں میں کتوں کی نعشیں پڑے رہنے سے مقامی افراد سکتہ میں آگئے ۔ کچھ گولیاں بھی وہاں پائی گئیں۔