محبوب نگر میں 2040 ء تک کی ضروریات کے مطابق ماسٹر پلان

   

ضلع مستقر بشمول بھوت پور ، جڑچرلہ کی اراضیات کی قیمتوں میں قابل لحاظ اضافہ کا امکان ، سرینواس گوڑ کی پریس کانفرنس

محبوب نگر : علٰحدہ تلنگانہ کے قیام میں شہدائے تلنگانہ کا جہاں حصہ ہے وہیں چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کا بھی رول اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے پارٹی آفس نیوٹاؤن میں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ کے قیام کے بعد ریاست کو ترقی دینے کے معاملہ میں ان کے جوش و جذبہ میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ محبوب نگر ماسٹر پلان امرت اسکیم کے تحت ترتیب دیا گیا ہے سال (2040) کے پیش نظر اور اُس وقت کی ضروریات و سہولتوں کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کیا جانا چاہئے ۔ انھوں نے محبوب نگر اور جڑچرلہ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس علاقہ کو زبردست ترقی دینے کیلئے جی او نمبر 76 کے تحت ’’محبوب نگر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘‘ کا اعلان کیاہے جس کے نتیجہ میں نہ صرف محبوب نگر ، بھوت پور اور جڑچرلہ کی ہمہ جہتی ترقی ہوگی بلکہ اس علاقہ کی اراضیات کی قیمتوں میں بھی قابل لحاظ اضافہ ہوگا ۔ انھوں نے محبوب نگر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے قیام پر چیف منسٹر سے اظہارتشکر کیا ۔ ایم ایل اے جڑچرلہ و صدر ضلع ٹی آر ایس لکشما ریڈی نے انہیں پارٹی ضلع صدر بنائے جانے پر چیف منسٹر سے اظہارتشکر کیا ۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے کسانوں کیلئے جو اسکیمات متعارف کرائی ہیں ملک میں اس کی زبردست ستائش کی جارہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر سہ روزہ پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔ پریس کانفرنس کومخاطب کرتے ہوئے رکن اسمبلی دیورکدرہ آلا وینکٹیشور ریڈی نے محبوب نگر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے قیام پر کے ٹی آر اور کے سی آر کا شکریہ ادا کیا اور لکشما ریڈی کو ضلع صدر بنائے جانے پر مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر چیرمین بلدیہ کے سی نرسمہلو ، ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو ، ایڈیشنل کلکٹر تیجس نندلال پوار ، ٹاؤن پلاننگ کے ایڈیشنل ڈائرکٹر سرینواس راؤ ، ڈی ڈی جگن موہن ، میونسپل کمشنر پردیپ کمار ، نائب چیرمین بلدیہ گنیش ، ریاستی سکریٹری ٹی آر ایس امتیاز اسحق ، خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ ، ٹی آر ایس بلدی فلور لیڈر شبیر احمد و دیگر موجود تھے ۔