پرتاپ گڑھ: اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع انتظامیہ نے کنڈہ تحصیل احاطہ میں محرم پر شیخ پور عاشق گاوں میں لگائے گئے عارضی گیٹ کو ہٹانے کے مطالبہ کو لے کر دھرنے پر بیٹھے باہوبلی اور دبنگ رکن اسمبلی راجا بھیا کے والد کنور ادے پرتاپ سنگھ کو ان کے بھدری گاوں واقع قلعہ میں نظر بند کر دیا۔ اسی کے ساتھ قلعہ کے باہر بھاری تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ست پال انتل نے بتایا کہ محرم کے پیش نظر ضلع میں دفعہ 144 نافذ ہے۔نظم و نسق اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے کنڈہ تحصیل احاطہ میں شیخ پور عاشق گاوں میں محرم پر بنائے گئے گیٹ کو ہٹانے کے مطالبہ کو لے کر دھرنے پر بیٹھے کنور اودے پرتاپ سنگھ کو ان کی بھدری گاوں میںواقع رہائش گاہ میں نظر بند کر کے فورس تعینات کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ کنور ادے پرتاپ سنگھ نے وزیر اعلیٰ سے محرم پر لگائے گئے عارضی گیٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا مگر کارروائی نہ ہونے پر وہ کنڈہ تحصیل احاطہ میں اپنے حامیوں کے ساتھ دھرنے پر بیٹھ گئے۔جمعرات کے روز ڈی ایم و ایس پی نے دھرنے کے مقام پر پہنچ کر دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی، مگر بضد ادے پرتاپ سنگھ دھرنا ختم کرنے کے لئے تیار نہیں ہوئے۔ ان کے حامیوں نے جمعہ کے روز کنڈہ بند کا اعلان کیا تھا، تاہم پولیس انتظامیہ نے انہیں گھر پر نظر بند کر دیا۔