حیدرآباد ۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کانگریس امیدوار محمد اظہرالدین نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے کانگریس کی 6 ضمانتوں کو گھر گھر پہنچاتے ہوئے عوام سے انہیں اور کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ مختلف علاقوں میں عوام بالخصوص سماج کے تمام طبقات نے ان کا شاندار استقبال کیا اور انہیں ووٹ دیتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا تیقن دیا۔ محمد اظہرالدین عوام سے ملاقات کے دوران کارنر میٹنگس سے خطاب میں کہا کہ کانگریس حکومت تشکیل پانے پر عوام کو صرف 500 روپئے میں پکوان گیس سلنڈر دستیاب ہوگا۔ 10 لاکھ روپئے تک طبی امداد مفت فراہم کی جائے گی۔ خواتین کو ماہانہ ڈھائی ہزار روپئے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مکانات کی تعمیرات کیلئے غریب عوام کو 5 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ غریب عوام، خواتین، معذورین اور معمرین کو جو ماہانہ پنشن فراہم کیا جارہا ہے، اس کی رقمی امداد میں اضافہ کردیا جائے گا۔ غریب طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ محمد اظہرالدین نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام محاذوں میں ناکام ہوگئی ہے۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے کو فراموش کردیا ہے جبکہ وعدے کے مطابق ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے تعلیم اور ملازمتوں میں مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کیا ہے جس سے مسلمانوں کو ابھی تک فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ریاست میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے۔ کانگریس بھاری اکثریت سے حکومت تشکیل دے گی اگر انہیں کامیاب بنایا گیا تو وہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کو مثالی حلقہ میں تبدیل کردیں گے۔ن