چینائی : حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج جنہوں نے دورہ آسٹریلیا پر سنسنی خیز مظاہروں کے ذریعہ ٹیم کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کی تھی لیکن آج چینائی میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہوئے مقابلہ میں حیران کن طور پر انہیں قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا جس پر کرکٹ شائقین نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔ آسٹریلیا کی سیریز میں 13 وکٹیں حاصل کرنے والے سراج کو آج کپتان ویراٹ کوہلی نے ایشانت شرما اور جسپریت بمرا کو منتخب کرتے ہوئے نظرانداز کردیا۔ سراج کے اخراج کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین نے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا خاص کر کہ ٹوئیٹر پر کئی افراد نے سراج کے اخراج پر اپنی برہمی کا ا ظہار کیا۔ کامنٹیٹر ایاز میمن نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ سراج بدقسمت رہے کیونکہ آسٹریلیا میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی کو باہر بیٹھنا پڑا تاہم سراج کو اس سے پست ہمت نہیں ہوناچاہئے۔