محکمہ برقی میں تقررات کیلئے عنقریب نوٹیفکیشن: بھٹی وکرامارکا

   

حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ محکمہ برقی میں بڑے پیمانے پر تقررات کیلئے عنقریب نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت محکمہ برقی میں مخلوعہ تمام جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے اور جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے عنقریب نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے برقی ملازمین پرموشن سے محرومی کے سبب مسائل کا شکار تھے۔ کانگریس برسراقتدار آتے ہی ترقی کا عمل مکمل کیا گیا۔ انہوں نے برقی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں کہا کہ برقی سربراہی کے معاملہ میں کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گھریلو صنعتی اور زرعی صارفین کو بہتر برقی سربراہی کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام برقی سربراہی سے متعلق کسی بھی مسئلہ کے سلسلہ میں ٹول فری نمبر 1912 سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کھمم اور ورنگل اضلاع کے برقی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں حالیہ سیلاب سے برقی شعبہ کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے برقی شعبہ کے مرمتی کاموں کی جنگی خطوط پر تکمیل کی ہے۔1