محکمہ برقی کی ملازمہ کو ہراسانی، پولیس کے اعلیٰ عہدیدار کیخلاف مقدمہ

   

حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) محکمہ برقی کی سینئر خاتون ملازمہ کو ہراساں کرنے والے ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ کام کے مقامات پر خواتین کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں ہراسانی سے بچانے کے لئے مثالی اقدامات انجام دے رہی پولیس کو اس وقت شدید جھٹکہ لگا جب انھیں کہ محکمہ سے وابستہ عہدیدار خاطی نکلا۔ محکمہ پولیس کو داغدار بنانے اور محکمہ سے وابستہ عہدیداروں کو جو سنجیدہ خدمات انجام دے رہے ہیں، شرمسار کرنے والے عہدیدار کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں برسر خدمت سینئر خاتون عہدیدار نے پولیس میں سی آئی ڈی کے ایس پی کشن سنگھ کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ چیتنیہ پوری پولیس نے خاتون عہدیدار کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور کشن سنگھ ایس پی سی آئی ڈی تلنگانہ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شکایت گذار خاتون دلسکھ نگر کتہ پیٹ علاقہ میں واقع محکمہ برقی کے دفتر میں برسر خدمت ہے۔ اس خاتون نے شکایت میں بتایا کہ کشن سنگھ اسے شدید ہراساں و پریشان کررہا ہے۔ خاتون کے فون نمبر پر قابل اعتراض پیامات اور ناقابل بیان ویڈیوز اور تصاویر روانہ کررہا تھا۔ خاتون سے اس بات کی خواہش کرتے ہوئے اس پر زور دے رہا تھا کہ وہ بہترین ساڑی پہن کر تصاویر روانہ کرے۔ اس ہراسانی سے تنگ آکر خاتون عہدیدار نے چیتنیہ پوری پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع